نارمل ڈیلیوری کے علاوہ آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش کی سہولت بھی مفت مہیا کی جائے گی۔ وزیر پرائمری ہیلتھ کیئر
لاہور (خبر نگار)
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں زچگی کے لئے آنے والی خواتین کو تمام سہولتیں مفت مہیا کی جائیں گی۔
نارمل ڈیلیوری کے علاوہ آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش کی سہولت بھی مفت مہیا کی جائے گی اور زچگی کے لئے آنے والی خواتین سے کسی قسم کی کوئی فیس یا اخراجات وصول نہیں کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے ادویات اور ضروری آلات وافر مقدار میں دستیاب رکھیں۔ آپریشن تھیٹرز اور ہسپتالوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور علاج کے لئے آنے والوں سے حسن سلوک اور اچھا برتاؤ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی طرف سے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دئیے گئے ۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ
وزیر اعلی محسن نقوی نے عام شہریوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کے لئے اپنی پوری ٹیم کو متحرک کر دیا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ دستیاب محدود وقت میں پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر سے بہتر کر سکیں۔