پاکستانجرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور/ زخمی اور غازی اہلکاروں کو علاج معالجے کیلئے مزید 52 لاکھ روپے جاری

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احسن اقدام / 02 شہداء کی فیملیز کو 02 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے نئے گھر خرید کر دے دئیے

لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر زخمی اور غازی اہلکاروں کے علاج معالجے و جلد بحالی کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں 25 افسران و اہلکاروں کو طبی اخراجات کیلئے 52 لاکھ روپے دے دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے کیسز پر فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کئے، تفصیلات کے مطابق ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کو علاج معالجے کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل طاہر محمود اور کانسٹیبل ساجد نعیم کو فی کس 05 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل نصر اللہ کو ساڑھے 03 لاکھ، کانسٹیبلان آصف علی اور ثمر سئیس کو فی کس 03 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی اے ایس آئی مظہر اقبال کو اڑھائی لاکھ، 07 اہلکاروں کو فی کس 02 لاکھ جبکہ 11 اہلکاروں کو 01 لاکھ فی کس دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے علاج و بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے کسی افسر یا اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز ماتحت سٹاف کی طبی امداد کے کیسز مکمل دستاویزات کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ویلفیئر برانچ میں کمپن سیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، مختلف اضلاع سے میڈیکل گرانٹ کیلئے بھجوائی گئی27 درخواستوں پر تفصیلی غورو حوض کیا گیا۔ کمیٹی نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 25 افسران و اہلکاروں کیلئے 52 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی، کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کی صدارت ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا نے کی، ڈی آئی جی ویلفیئر محمد غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ڈاکٹر انعام وحید خان اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ بطور ممبر اجلاس میں شریک ہوئے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک اور احسن اقدام کرتے ہوئے 02 شہداء کی فیملیز کو 02 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے گھر خرید کر دے دئیے ہیں۔ آر پی او ملتان نے 02 شہید اہلکاروں کی فیملیز کو گھر کی فراہمی کیلئے کیسز سنٹرل پولیس آفس بھجوائے تھے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر دونوں شہداء کی فیملیز کو ان کی مرضی اور پسند کے مطابق گھروں کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ شہید ڈرائیور کانسٹیبل شہزاد سلیم کے ورثا کو خانیوال کے گلزار ابراہیم ٹاؤن میں ساڑھے 13 ملین مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا۔ شہید کانسٹیبل محمد وقاص عظیم کی فیملی کو جھنگ میں پیرا ڈائز سٹی میں ساڑھے 13 ملین مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا نے آر پی او ملتان کی جانب سے بھجوائے گئے کیسز پر حتمی منظوری کیلئے آئی جی پنجاب کو بھجوایا تھا۔ڈاکٹر عثمان انور کا شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کی تعلیم، صحت، روزگار سمیت تمام مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع کے شہداء کے ساتھ خود رابطہ میں رہیں اور انہیں کسی موقع پر تنہا نہ چھوڑا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button