بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی تیاری عوام دشمنی ہے۔بجلی و گیس اور دیگر چیزوں پر مزید ٹیکسز عوام کی زندگی اجیرن بنا دیں گے۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، خالد احمد بٹ، ملک شاہد اسلم کا ماڈل ٹاؤن میں تقریب سے خطاب
لاہور (خبر نگار) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ملک و قوم کیلئے تباہی کا ایجنڈا ہے۔بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی تیاری عوام دشمنی ہے۔ بجلی و گیس اور دیگر چیزوں پر مزید ٹیکسز عوام کی زندگی اجیرن بنا دیں گے۔ بجلی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کے بعد نپیرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی مزید 1 روپے 89 پیسے اور کے الیکٹرک صارفین کیلئے 2 رو پے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی نوید سنا دی ہے جو قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔ 13حکمران جماعتیں عوا م کی خوشحالی اور ریلیف کیلئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف اور استعماری قوتوں کی خوشنودگی کیلئے عوام دشمن ایجنڈے پر گامزن ہیں۔جماعت اسلامی ملک و قوم کے مسائل اور بحرانوں کو حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ عوام آئندہ انتخابات میں بار بار آزمائے ہوئے کرپٹ اور پارٹیاں جھنڈے تبدیل کرنے والے سیاستدانوں اور لیڈروں کو مسترد کریں اور دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن دارالہدی میں امیدوارپی پی160 جماعت اسلامی ملک شاہد اسلم کی جانب سے ارکان جماعت اورامیدواران صوبائی اسمبلی کیلئے مینگو پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی لاہور اظہر بلال، امیدوار پی پی 160 ملک شاہد اسلم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں امیر پی پی حافظ محمود اوردیگر ارکان جماعت اورامیدواران صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ارکین اور امیدواران نے دستک مہم کے ذریعے اہل لاہور میں سیاسی شعور اجاگر کرنے کیلئے اور جماعت اسلامی کے انقلابی منشور کو ہر گھر اور فرد تک پہنچانے کیلئے اپنی تجاویز پیش
کیں۔