اسکواڈ نے ملزمان سے شکار کیا گیا ذبح شدہ اڑیال بر آمدکر لیا تاہم ملزمان رات کی تاریکی میں موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار
لاہور(خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت صوبہ کے طول و عرض میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے بلا تفریق شکاری مافیاز سے بر سر پیکار ہے اور سالٹ رینج میں ایسی ہی ایک کارروائی کے دوران مسلح شکاریوں کا تعاقب کرنے پر سپیشل وائلڈ لائف اسکواڈپنجاب پر اندھا دھند فائرنگ، تاہم اسکواڈ نے بڑی دلیری سے ملزمان سے شکار کیا گیا ذبح شدہ ایک اڑیال بر آمد کرلیا جبکہ ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا موٹر سائیکل چھوڑ کر پہاڑی علاقہ میں فرار ہوگئے۔ انچارج سپیشل وائلڈ لائف اسکواڈ پنجاب اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف عاصم کامران کے مطابق پروٹیکٹڈ ایریا بیر فقیراں ضلع جہلم کے علاقہ وڑا تھانہ چوٹالہ میں رات کے وقت اڑیال کا غیر قانونی شکار کرنیوالی ایک شکاری پارٹی کا تعاقب کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے اسکواڈ پر فائرنگ شروع کردی تاہم اسکواڈنے بڑی دلیری سے ملزمان کے قبضہ سے شکار کیا گیا ذبح شدہ ایک اُڑیال برآمد کر لیاجبکہ ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپناہنڈا 125 موٹر سائیکل چھوڑ کر پہاڑی علاقہ میں فرار ہوگئے۔ایک نامزد اور پانچ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقامی تھانہ چوٹالہ میں سرکاری ملازمین پر فائرنگ، جان سے مارنے کی کوشش اور مسلح مزاحمت کرنے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرادیگئی ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں مزید برآں ملزمان کے خلاف پروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے عدالت میں قانونی کارروائی کیلئے جمع کروا دیا گیا۔