کپاس کی پہلی چنائی سے 13تا15من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہو رہی ہے،کسان سہولت سینٹرز سے اب تک 21ہزار کاشتکار مستفید ہو چکے ہیں، پیسٹ سرویلنس کیلئے ایک ہزار فارمز کا ڈیٹا لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم (LIMS) کومہیا کیا گیا ہے، اجلاس کو بریفنگ
لاہور(خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ جعلی زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور چیکنگ کیلئے محکمہ زراعت خصوصی سکواڈز تشکیل دے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں کپاس کی پیداوار کے اہداف کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ زراعت، آبپاشی اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبہ بھر میں 74کسان سہولت سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں معیاری زرعی ادویات کنٹرول ریٹ پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ زرعی ادویات کے معیار کی جانچ کیلئے سیمپل ٹیسٹنگ شروع کی جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کپاس کی کاشت کی حوصلہ افزائی کرنے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اورکپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان کے ڈویژنل کمشنرز کو کپا س کی فصل کی مکمل مانیٹرنگ کرنے اور کاشتکاروں کوٹیل تک نہری پانی کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ ۔
سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی فصل کی پہلی چنائی سے 13تا15من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔کسان سہولت سینٹرز سے اب تک 21ہزار سے زائد کاشتکار مستفید ہو چکے ہیں اوران سینٹرز پر چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی زرعی ادویات فروخت ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیسٹ سرویلنس کیلئے ایک ہزار فارمز کا ڈیٹا لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم (LIMS) کومہیا کیا گیا ہے۔