تمام برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کو بلا امتیاز فوری طور پر ہٹادیا جائے۔ وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر
لاہور (خبر نگار) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے کے بڑے شہروں میں برساتی پانی کے جلد نکاس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور تمام اہم نالوں کے اردگرد قائم تجاوزات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے
انہیں فی الفور ہٹانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ برساتی نالوں کا فوری سروے کیا جائے، تجاوزات بلا امتیاز ختم کر دی جائیں اور کسی سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ بڑے شہروں کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ ایمرجینسی صورتحال میں فوری طور پر اقدامات کیے جا سکیں اور تمام محکمے اس حوالے سے آگاہ رہ سکیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ 26 جولائی تک شدید بارشوں کا امکان موجود ہے اور اس کے بعد بھی موجودہ مون سون سیزن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ لہذا تمام ادارے ہر وقت الرٹ رہیں اور ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کو چالو حالت میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ہے ۔ شہروں سے بارشی پانی کا کم سے کم وقت میں نکاس بہترین انتظامات کا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ انتظامیہ اور واسا کی جانب سے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ نالوں میں کوڑا اور تعمیراتی میٹیریل پھیکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جا رہی ہے۔