صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد
لاہور (خبرنگار)چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے لیسکو کے ایسٹرن سرکل کے زیرانتظام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میںچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدرسمیت ڈائریکٹر کسٹمرز سروسز رائے اصغر ، چیف انجینئر سرور مغل، سپریٹنڈنگ انجینئر ایسٹرن سرکل انور وٹواور تمام سرکل ایکسئینز، ایس ڈی اوز، ریوینیو افسران کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سائلین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق عوام کی سہولت کے لئے پورے لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کے انعقادکا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج پینتالیسویں کھلی کچہری کا انعقاد جاری ہے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے یہاں آنے سے یہ ظاہرہوتا ہے کہ کھلی کچہری سے کتنا فائدہ ہورہا ہے لیسکو ریجن میں ہونے والی بارشوں اور آندھیوں میں بہت نقصان ہو لیکن الیسکو کے ملازمین نے جان کی پروا نہ کرتے ہوئے صارفین کی خدمت اور پورے لیسکو ریجن میں ملازمین نے بجلی کے ترسیلی نظام کو جاری رکھا۔انہوں نے بتایا کہ8 ہزار سے زیادہ لوگوں کے مسائل کھلی کچہریوں میں حل کئے گئے ہیں،انہوں نے لیسکو افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لئے آپ کے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہیے اور افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں آنے والے صارفین سے اخلاق سے پیش آئیں اور ان کو عزت دیں۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ اس محکمہ کی سروسز تمام سیاسی جماعتوں کے لوگوں کے لئے ہیں اور لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا تمام لیسکو افسران پر لازم ہے۔