ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کسی بھی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں فوری مدد کے لیے ہائی الرٹ رہے گی:سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر
لاہور (خبر نگار) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع میں عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کو ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کے پنجاب بھر کے انتظامات کے ساتھ ساتھ کنٹرول رومز اور صوبائی مانیٹرنگ سیل کی مانیٹرنگ اور کوئیک رسپانس میکنزم کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو ہدایت کی کہ عاشورہ پہ ریسکیورز کی چھٹیاں محدود رہیں گیں اور ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو کوڈ ریڈ کا نفاذ کریں۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تعینات ڈیزاسٹر رسپانس فورس (DRF) کو کسی بھی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں بیک اپ سپورٹ کے لیے فوری روانہ کیا جائے گا۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز بدھ کو ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں تمام اضلاع کے ایمرجنسی افسران اور سینئر ریسکیو افسران کی ویڈیو لنک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔انہوں نے تمام ڈی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ تیاریوں کی چیک لسٹ کا جائزہ لیں اور شیعہ فرقہ/مجالس کے اہم فوکل پرسنز کے ساتھ مسلسل ضلعی ایمرجنسی بورڈز کے اجلاس منعقد کریں، امامیہ اسکاؤٹس/رضاکاروں کی تربیت کو یقینی بنائیں، اور تمام جلوسوں اوراجتماعات کے گرد وپیش کااچھی طرح سے جائزہ لیں تاکہ فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
قبل ازیں صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ تمام اضلاع میں ریسکیورز حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے لیے ایمرجنسی پلان کے مطابق ہنگامی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور ریسکیو و میڈیکل کور کے انتظامات کے مطابق 9ویں اور 10ویں محرم کے دوران 1033 جلوسوں /اجتماعات کو ریسکیو اور میڈیکل کور فراہم کرنے کے لیے 6979 ریسکیورز تعینات کیے جائیں گے۔ان تمام ریسکیورز کو پنجاب بھر میں قائم 1033 اہم مقامات پر تین شفٹوں میں تعینات کیا جائے گا۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں 1115 موٹر بائیک ریسکیو سروس، 560 ایمرجنسی ایمبولینسز، 178 فائر وہیکلز اور 31 ریسکیو گاڑیاں روٹین ایمرجنسی آپریشن پہ متعین ایمرجنسی وہیکل کے علاوہ عاشورہ اور محرم کی مجالس کو ریسکیور و میڈیکل کور فراہم کریں گئی۔اسی طرح پنجاب کے تمام اضلاع میں محرم کے دوران ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے لیے 1033 سپیشلائزڈ ریسکیو ٹیمیں بھی بڑے جلوسوں کے مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے بتایا کہ تمام اضلاع نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاسوں میں ہدایت کیے گئے اہم اجتماعات کو ریسکیو کور فراہم کرنے کے لیے عمل درآمد شروع کر دیا گیاہے۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے لیے ریسکیو سروس کے تعیناتی پلان کے بارے میں بھی بریفنگ لی جس میں 362 ریسکیورز 32 ایمبولینسز اور 86 موٹر سائیکلوں کے ساتھ ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے لیے ریسکیوعملہ متعین ہوگا۔کربلا گامے شاہ، امامیہ کالونی، نثار حویلی اور لاہور کے دیگر حساس مقامات پر خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات ہوں گی۔مزید برآں، اضافی ریسکیو ٹیمیں بھی سٹینڈ بائی پوزیشن پر رہیں گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں انہیں بلایا جا سکتا ہے۔ ایمرجنسی کور کے مطابق، تمام موبائل پوسٹیں اور ایمبولینسز میڈیکل کٹس کے ساتھ جلوس کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں گی تاکہ اعزادران کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔مزید برآں، عاشورہ کے دوران ایمرجنسی سٹاف کی چھٹیوں کو محدود کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ محرم کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ معمول کے ریسکیوایمرجنسی آپریشن بھی جاری رہیں گے، عوام الناس سے درخواست ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو سروسز کے لیے فوری 1122 ڈائل کریں۔