سٹیسیاست

وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں

معاشرے میں برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

ہمیں پاکستان میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے لئے قومی کردار ادا کرنا ہو گا. امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری

لاہور(خبر نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے محرم الحرام سے ہجری سال کا آغاز اور ذی الحجہ پر ہجری سال کا اختتام ہوتا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ معاشرے میں برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کا درس دیتا ہے، علمائے کرام منبر سے اتحاد و اتفاق کا درس دیں، علمائے کرام کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔ ہمیں محرم الحرام میں یہ خیال رکھنا ہو گا کہ کوئی ملک دشمن قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کر کے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو جائے، سب نے ملکر اتحاد و اتفاق کی طاقت سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے اور دنیا کو امن، محبت کا پیغام دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی کیلنڈر کے پہلے اور عظمتوں والے مہینے محرم الحرام کی آمد آمد ہے، اس ماہ مبارک کو اللہ تعالیٰ نے 4 مقدس ترین مہینوں میں سے ایک قرار دیا ہے ”حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے محرم الحرام کو رمضان المبارک کے بعد اپنا مہینہ قرار دیا ہے“ محرم الحرام نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل بیت علیہم السلام کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے باعث تکریم ہے، اس ماہ مقدس کی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہم سب کو ایک قوم بننا ہو گا، معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینا ہو گا۔ محرم الحرام کا یہ مہینہ مسلمانوں کیلئے گہری اہمیت رکھتا ہے، ضرور ت اس امر کی ہے کہ ہم اس مہینے میں ایک دوسرے کیلئے افہام و تفہیم، ہمدردی اور احترام کے جذبے کو قائم رکھیں۔ محرم الحرام کے دوران امن اور رواداری کو فروغ دے کر ہم ایک مضبوط اور متحد پاکستان بنا سکتے ہیں، ہمیں پاکستان میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے لئے قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button