نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے
حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور کمرتوڑ مہنگائی نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن لاہور سینکڑوں مستحق نوجوانوں،با ہمت خواتین کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے قرض جات فراہم کرچکی ہے۔ سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ کی ”روزگار سکیم” تقریب میں میڈیا سے گفتگو
لاہور (خبر نگار) سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ”روزگار سکیم” کے تحت مستحق افراد میں بلا سود چھوٹے کاروباری قرض اور کاروباری آلات و مشینری،آٹو اور لوڈر رکشا، کمپیوٹر وغیرہ فراہم کرکے لوگوں کیلئے آسان روزگار کی فراہمی میں مدد کررہی ہے۔ اس سکیم کے تحت مستحق افراد کو آسان اقساط پر رکشہ یا دیگر چیزیں بلا سود ماہانہ قسط پر فراہم کی جارہی ہے۔ حکومت کے کرنے کے کام جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن خدمت خلق کے جذبے سے کررہی ہے جبکہ بے حس حکمران مہنگائی اور ٹیکسز کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور کمرتوڑ مہنگائی نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان روزگار کیلئے نوکریوں کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نوجوانوں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے منشیات اور جرائم کی طرف مائل ہورہے ہیں جس کے ذمہ دار حکمران طبقہ اور ملک میں رائج کرپٹ نظام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام ”روزگار سکیم” کے تحت مستحق افراد آٹو اور لوڈررکشہ کی فراہمی کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر الخدمت لاہور انجنیئر احمد حماد رشید، ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث شاہد قریشی،صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور سینکڑوں مستحق نوجوانوں،با ہمت خواتین کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے آسان ماہانہ اقساط پر قرضے اور متعلقہ روز گار کی اشیاء فراہم کرچکی ہے۔ انشاء اللہ یہ خدمت خلق کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا۔

