
لاہور(خبر نگار)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے تمام طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں ،تجارتی اور صنعتی ایسوسی ایشنز اپنے ممبران کو ریٹرن فائل کرکے ٹیکس دہندگان بننے کے فوائد سے آگاہ کریں۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ فائلر کے مقابلے نان فائلر کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بہت زیادہ ہے اور اب عوام کے لیے ٹیکس نیٹ سے باہر رہنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن اتھارٹیز کا نظام مربوط ہے اور کسی کے لیے اپنے اثاثے یا سرمایہ کو طویل مدت تک چھپانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام معلومات اب ایف بی آر کے پورٹل پر دستیاب ہیں اور حکومت اسے پبلک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ حکومت کی جانب سے کارروائی سے قبل اپنے ریٹرن فائل کریں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے تجارتی و صنعتی انجمنوں کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا پاکستانی معیشت کی بقا کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس محصولات کا معقول تناسب ملک کا نظام چلانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلتھ ڈیکلریشن اسٹیٹمنٹ میں اثاثے ظاہر نہ کرنے پر یہ اثاثے حکومت کی ملکیت ہوسکتے ہیں اور حکومت کسی بھی وقت پاکستان کے بے نامی قانون کے تحت ان پر دعویٰ کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشنز اپنے ممبران کو ریٹرن فائل کرکے ٹیکس دہندگان بننے کے فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کر کے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کو بزنس کمپلائنس اینڈ فیسیلیٹیشن قرار دیا گیا ہے اور لاہور چیمبر آگاہی پیدا کرنے کے لیے مسلسل سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے تعاون کے لیے تیار ہے۔



