سٹی

پاکستان کو اقوام عالم کی اولین صفوں میں لانے کے لیے نوجوان اپنا کردار ادا کریں۔حامد سعید

لاہور (خبر نگار) پاکستان کا قیام ایک نعمت خداوندی ہے جو کہ برصغیر کے مسلمانوں کی پیہم جہد مسلسل، مفکر پاکستان علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت کا ثمر ہے۔
لہذا نئی نسل کا فرض ہے کہ وہ مملكت خداداد کو جدید خطوط پر استوار کرانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو اقوام عالم کے اولین صفوں پر کھڑا کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔
ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے وطن عزیز کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا اہتمام شاہ رح ٹیکنالوجی نے جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے کیا تھا۔اس تقریب کو قومی جھنڈیوں اور رنگ برنگی جھالروں سے انتہائی دیدہ زیب انداز سے سجایا گیا تھا۔تقریب کی آغاز پر تمام شرکا نے قومی ترانہ پڑھا اور پاکستانی جھنڈے کے رنگوں سے مزین کیک بھی کاٹا گیا۔ اس تقریب سے شاہ رح ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں قوموں کی زندگی میں ملک و ملت کی آزادی کے دن کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔اسی طرح 14 اگست 1947 ہماری زندگیوں میں ایک تاریخ ساز دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم نے یہ ملک لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا قیام عمل میں لا کر پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی مملکت بنا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل اپنے ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھے اور ملک کو جدید سائنسی علوم، ٹیکنالوجی اور معیشت کو نئے قالب میں ڈھالے تاکہ وطن عزیز کو دنیا بھر میں ایک منفرد مقام حاصل ہو ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے لہذا اسے اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو مضبوط تر بنانا ہوگا۔ ہمارے ملک کو اللہ تعالی نے لامحدود نعمتوں سے مالا مال کیا ہوا ہے ہمیں سیاحت کے فروغ پر بھی توجہ دینی ہوگی۔تقریب سے دوسرے مقررین کے علاوہ ماجد قادری، ارفع عاربی، زین نوید اور محمد امجد نے بھی خطاب کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button