
رواں مال سال کے لئے 2.9 بلین روپے کی بجٹ سفارشات منظورکی گئی
لاہور (خبرنگار)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس،رواں مال سال کے لئے 2.9 بلین روپے کی بجٹ سفارشات منظورکی گئی۔یونیورسٹی کے مالی استحکام کے لیے تین انڈومنٹ فنڈز کی بھی منظوری دی گئی۔حکومتی ہدایت کے مطابق سٹاف اور اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔دو پروفیسر اور دو ایسوسی ایٹ پروفیسر کے نئے عہدوں کی بھی منظوری دی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر زیدی نے اجلاس کی صدارت کی جس میں پنجاب حکومت سے ہائر ایجوکیشن اور فنانس ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر خالد خان بھی موجو د تھے۔کمیٹی ممبران نے پچھلے مالی سال میں یونیورسٹی کو خسارے سے محفوظ رکھنے پر وائس چانسلر اور ٹیم ممبران کو سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ جی سی یو سیلف سیونگ انڈومنٹ فنڈ 1.552 بلین روپے سے قائم کیا جارہا ہے،اس انڈومنٹ فنڈ سے یونیورسٹی کو مالی تحفظ ملے گا۔کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے بینک گارنٹی کے استعمال کی بھی منظوری دی۔وائس چانسلر نے ٹریژر آفس کے تمام عملے کو بجٹ کی تیاری پر سراہا۔ انہوں نے فنانس اور پلاننگ کمیٹی کے ممبران کو ان کی گراں قدر خدمات پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔