سٹیسیاستکاروبار

ایس ایم تنویر کا حافظ آباد کا دورہ، ایوان صنعت و تجارت حافظ آباد کے دفتر کا افتتاح کیا

شعبہ زراعت اور انڈسٹری کی بہتری کے لئے ایک میگا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت، زراعت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبہ بھر میں صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔انڈسٹری کے فروغ کے لیے صنعتکاروں اور تاجروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔صوبے کی پہلی سکلز پالیسی 2023کے مسودے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ہر سال 5لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائیگا۔
صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار حافظ آباد چیمبر آف کامرس کے دفتر کے افتتاح کو موقع پر میڈیا سے بات چیت اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ،ڈپٹی کمشنر،ایوان صنعت و تجارت حافظ آباد کے صدر چودھری محمدصالح رانجھا،سینئر نائب صدر شفقت حسین تارڑ،نائب صدر عبدالجبار رضا سمیت دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کو ریلیف کی فراہمی اور مختلف شعبہ جات کے ترقی اور فروغ کے لیے ماسٹر پلان تیار کئے جا رہے ہیں۔شعبہ زراعت اور انڈسٹری کی بہتری کے لئے بھی ایک میگا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر کام کیا جا رہا ہے۔جدید زرعی مشنری،ڈرونز اور دیگر ٹیکنالوجی منگوائی جا رہی ہے۔پنجاب کے علاقہ چولستان پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وہاں زراعت کے فروغ کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ فش فارمنگ کرنے والے زمینداروں کے منافع کے لیے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پہلی بار کاٹن کا ریٹ ساڑھے آٹھ ہزار فی من مقرر کیا گیا ہے۔کپاس کی فصل کے فروغ اور اسکی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سٹیلائٹ سسٹم کا استعمال کیا جا رہاہے اور کپاس کی پیداوار والے علاقوں میں پانی کی فراہمی کو جدید سیٹلائٹ سسٹم سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔غیر معیار اورجعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہےتاکہ ہمارے زمیندار کاشتکار بھائیوں کی کئی ماہ کی مسلسل محنت ان جعلی زرعی دوائیوں کے استعمال سے ضائع نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 8لاکھ ایکڑ پر کینولا کاشت کیا جاتا تھا۔نگران حکومت کی کوششوں سے اسکی کاشت میں اضافہ کیا گیا ہے اور اب 15لاکھ ایکڑ پر کینولا کی کاشت کی جا سکے گی جس سے ملک میں کھانے کے تیل کی کمی کا مسئلہ بھی پورا ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ گندم کی فی من قیمت میں پہلے ہی اضافہ کیا گیا ہے اور انشاء اللہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں مذید اضافہ ہوگا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ہر سال5لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنائے گی جس سے وہ با عزت طریقے سے روز گار کمانے کے قابل ہونگے۔ہنر مند ی کے فروغ کے لیے صوبہ بھر میں تین ٹیکنالوجی پارک جبکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کی لیب کو جدید آلات سے آراستہ کیا جائیگا۔انکا کہنا تھا کہ وہ ایوان صنعت و تجارت حافظ آباد کے قیام پر تمام عہدیداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ایسے اداروں کے قیام سے بذنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button