
فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث شکاری کو تیس ہزار جرمانہ جبکہ دیگر کیخلاف قانونی کارروائی جاری
لاہور(خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی ہدایت پر محکمہ جنگلی حیات کا صوبہ میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے آپریشن ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب مبین الٰہی کی قیادت میں بھرپور انداز سے جاری ہے اور جس کے نتیجے میں نایاب فالکن اور جنگلی بٹیر کے ناجائز شکار میں مشغول چھ شکاری گرفتار، فالکن کے شکاری کو تیس ہزار روپے جرمانہ۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع میانوالی محمد ابرا ر کی سربراہی میں ایک ٹیم نے تبی کے علاقہ میں نایاب فالکن کے غیر قانونی شکار میں مشغول ایک شکاری کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے شکار میں استعمال ہونیوالی ایک پھندا ٹوکری اور دو زندہ چوہے برآمد کرکے اُسکا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تاہم ملزم کے کیس کمپاؤنڈ کرنیکی درخواست پر مبلغ تیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔ اسیطرح کی ایک دیگر کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھا ریجن عروج ظہیر کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف خوشاب نے ناجائز شکار جنگلی بٹیر کرنیوالے تین شکاریوں کو آلات شکار سمیت گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ ایسی ہی ایک مزید کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع رحیم یار خان محمد سلطان انجم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناجائز شکار جنگلی بٹیر کرنیوالے دو افراد کو نیٹنگ گیئرز سمیت گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔