
پنجاب کی نگران حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت
لاہور(خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے دریائے ستلج سے ملحقہ ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر جنگلات و ماحولیات بلال افضل اور مشیر کھیل وہاب ریاض بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزراء نے یہاں قائم کئے گئے فلڈ ریلیف کیمپس اور خیمہ بستیوں کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین سے امدادی سرگرمیوں اور دی گئی سہولیات بارے دریافت کیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان نے سیلاب متاثرین کے لئے کئے گئے انتظامات اور امدادی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء نے ہیلتھ کاؤنٹر، لائیو سٹاک کاؤنٹر اور ریسکیو کاؤنٹر پر ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا اور سیلاب متاثرین کے لئے کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کشتی میں بیٹھ کر سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ریسکیو 1122 رضوان نصیر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر خیمہ بستی میں موجود سیلاب متاثرین اور ان کے بچوں میں گھل مل گئے، امدادی سرگرمیوں اور انتظامات کے بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے سیلاب متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں اور خیمہ بستیوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بہترین انتظامات اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی تک حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ صوبائی وزیر نے انتظامی کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی مکمل دیکھ بھال کی جائے اور انہیں بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔