
کے پی گورنمنٹ کی طرف سے سمیڈاکے ساتھ اشتراک عمل جاری رکھا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کا مراسلہ
لاہور(خبر نگار) خیبر پختونخواہ گورنمنٹ نے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی "سمیڈا” کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبے میں ایس ایم ایز کو فروغ دینے کے سلسلے میں سمیڈا کے ساتھ بھرپوراشتراک عمل جاری رکھا جائے گا۔ خیبر پختونخواہ کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی طرف سے سمیڈا میں موصول شدہ ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فرحان عزیز خواجہ کی بطور سی ای او قیادت کے مختصر عرصہ کے دوران محدود مالی و انسانی وسائل کے باوجود متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے گئے جن میں نیشنل آئیدیا لیب، ایس ایم ای ون ونڈو اور ایس ایم ای ڈیٹا بیس کی تیاری جیسے منصوبے قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایم ای پالیسی 2021 پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی نمایا ں پیش رفت کی گئی ہے ۔ پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں کیلئے کثیر فنڈز اور لاہور و کوئیٹہ کی انڈسٹریل اسٹیٹس میں ایس ایم ایز فیسلٹیی سنٹرز کیلئے اراضی کا حصول بھی ممکن بنا یا گیاہے ۔ جبکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے متعلقہ 15 منصوبوںاور پاکستان انوویشن فنڈ کے22 مجوزہ منصوبوں کی تشکیل کا عمل بھی قابل ستائش ہے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے امید کی ہے کہ سمیڈا کے نئے اقدامات ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے مہمیز ثابت ہونگے۔ انہوں کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے سمیڈا سے بھر پور تعاون جاری رکھا جائے گا۔