پاکستانتعلیمسٹی

میڈیکل یونیورسٹی کا اصل کام طبی تعلیم، طبی تحقیق اور علم کو پھیلانا ہے۔ پروفیسر محمود ایاز وی سی

شرکاء کو متعدد پوسٹ مارٹم دکھائے گئے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کے متعلق تفصیلات سے آگاہی دی۔

پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی کے زیر اہتمام 20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 26 سول ججز کے وفد کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ۔

لاہور (خبرنگار)پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی کے زیر اہتمام پنجاب بھر میں تعینات 20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 26 سول ججز کے وفد نےکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا دورے کا مقصد یونیورسٹی اور شعبہ فرانزک میڈیسن میں پوسٹ مارٹم، میڈیکولیگل رپورٹس اور دیگر معاملات بارے آگاہی تھا۔اس گروپ کی سربراہی ڈائریکٹر پروگرام اکیڈمک منصور احمد خان نے کی جبکہ سربراہ شعبہ طب شرعی ڈاکٹر فریحہ طارق نے کورس کے شرکاء کو بعداز مرگ معائنہ، میڈیکولیگل اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی۔شرکاء کو متعدد پوسٹ مارٹم دکھائے گئے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کے متعلق تفصیلات سے آگاہی دی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے یونیورسٹی کی 163 سالہ شاندار طبی خدمات پر روشنی ڈالی انہوں نے یونیورسٹی میں جاری تدریسی، تحقیقی سرگرمیوں اور نئے ترقیاتی منصوبوں بارے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل یونیورسٹی کا اصل کام طبی تعلیم، طبی تحقیق اور علم کو پھیلانا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن کی بنیادی تعلیمات میں جوڈیشیل سسٹم کے بارے میں آگاہی موجود ہے۔میڈیکل تعلیم ہمیں اس بات کا بھی درس دیتی ہے کہ رنگ، نسل، صورت،قومیت، برادری کی بنیاد پر علاج نہ کیا جائے بلکہ مساوات کو مشعل راہ بناتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی جائے ہم سب کو چاہیے کہ محنت، کوشش لگن اور ایمانداری سے کام کریں اور ایک وقت آئے گا کہ کامیابی ہمارے ساتھ ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی ملک کے لئے خدمات قابل قدر ہیں اور جوڈیشیل سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی ماند ہیں۔رجسٹرار کے ای ایم یو ڈاکٹر ریاست علی نے ججز کے مختلف موضوعات پر سوالات کے جواب دئیے اور یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا.اس موقع پر ڈائریکٹر پروگرام اکیڈمک پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی نے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی سے ملحقہ میو ہسپتال سمیت سات ہسپتالوں کی دکھی انسانیت کے لئے خدمات کو سراہتے ہیں میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز اور ان کی فیکلٹی کو پنجاب جوڈیشیل اکیڈمی کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔اس موقع پر رجسٹرار کے ای ایم یو ڈاکٹر ریاست علی،ڈاکٹر فریحہ طارق، امجد علی اور دیگر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button