
چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا علی ہجویری ؒکے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال
لاہور (خبرنگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ مستقل امن کے قیام کیلئے بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔امن و امان کے قیام کیلئے تمام مسالک کے علماء اور مشائخ کا کردارقابلِ ستائش ہے۔ تمام مسالک کے عقائد کا احترام کریں،امن کمیٹی کے کردار کو مزید فعال اور موثر بنائیں گئیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی آپریشنز نے اپنے دفتر میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کے دوران کیا ۔اجلاس کے دوران چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتا علی ہجویری ؒکے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہم سب کو مل کر چہلم اور عرس کے پروگراموں کو پُر امن اور کامیاب بنانا ہے۔امن کمیٹی نے ڈی آئی جی آپریشنز کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے موقع امن کمیٹی ممبرا ن کے مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ عرس داتا علی ہجویریؒ کے موقع پر آنے والے زائرین کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ عرس ڈیوٹی پر 32سو سے زائدپولیس افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر بھی عزاداروں کوبھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ جس کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ چہلم سکیورٹی پر لاہور پولیس کے 10ہزار سے زائد افسران وجوان تعینات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جلوس کے منتظمین روٹ اور وقت کی پاسداری یقینی بنائیں۔امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے شہر بھر میں سرچ آپریشنز، سنیپ چیکنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت حفاظتی اقدامات بھی جاری ہیں۔