پاکستانتازہ ترینسٹیسیاست

سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے سات عشروں سے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ سراج الحق

جماعت اسلامی 90دن میں الیکشن کے یک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی

(خبرنگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے سات عشروں سے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ حکمرانوں کا کام لوٹ مار، غریب کا صرف ووٹ دینا ہے۔ چینی،بجلی اور پانی چوروں کی سرپرستی حکومتیں کرتی ہیں۔ قوم متحد ہوجائے تو اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل دور نہیں، آئندہ الیکشن فیصلہ کن ہوگا۔ جماعت اسلامی 90دن میں الیکشن کے یک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے سیاست و جمہوریت کے نام پر باریاں لیں، اپنے شہزادوں اور شہزادیوں کا مستقبل محفوظ، قوم کا تباہ کیا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام مشکل ترین دور سے گزری، اس دوران مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آیا، امن و امان تباہ ہوا، اداروں کو کمزور کیا گیا،احتساب ختم،انصاف نایاب ہوگیا، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی بجائے حکمران اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ دینے کے لیے قانون سازی ہوئی۔ دوستمبر کی ہڑتال کی کامیابی کے بعد حکومت بجلی چوروں کے خلاف ایکشن پر مجبور ہوگئی، ڈالر مافیا پر بھی ہاتھ ڈالے جارہے ہیں، عوام یک جان ہوکر آواز اٹھائیں گے تو حکمران مزید سوچنے اور کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، جماعت اسلامی کی تحریک عام آدمی کی تحریک ہے۔ یوتھ پرامن اسلامی جمہوری انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔بجلی، پٹرول، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں، نگران حکومت آئی ایم ایف کے مفادات کے تحفظ اور سابقہ حکومتوں کے فیصلوں کوتسلسل دینے کی بجائے غریبوں کی آواز سنے۔
جنوبی پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورتحا ل کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز کے تیسرے اور آخری روز ہونے والے جلسہ میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے کے دوران امیر جماعت 16 ستمبر کو فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب جبکہ 18 ستمبر کو پشاور گورنر ہاؤس کے سامنے تین روزہ دھرنے میں شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی 17 ستمبر کو اسلام آباد میں قومی توانائی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ جنوبی پنجاب میں رحیم یارخان، لیہ اور مظفرگڑھ میں خطابات کے دوران امیر جماعت نے حکومت پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی مہنگائی میں کمی تک مظاہرے جاری رکھے گی اور پہیہ جام ہڑتال کا بھی اعلان کرے گی۔ جلسہ عام سے نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر، امیر ضلع عمردراز فاروقی، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، امیدواران قومی

و صوبائی اسمبلی اور مقامی قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پانی چوری کی وجہ سے غریب کاشتکار تباہ ہوگیا، علاقہ سے وسائل کی تقسیم پر انصاف نہیں کیا گیا، اگر جنوبی پنجاب کی زراعت پر توجہ دی جائے تو یہ علاقہ پورے جنوبی ایشیاکی خوراک کی ضرورت پوری کرسکتا ہے۔ سابقہ حکومتوں نے غریب کاشتکار کی بجائے ظالم جاگیرداروں کا نوازا، وڈیرے جنوبی پنجاب کے وسائل پر قابض ہیں اور ہر حکومت کا حصہ ہوتے ہیں۔پنجاب میں وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کا نتیجہ ہے کہ جنوبی پنجاب میں ترقی نظر آتی ہے،جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر جنوبی پنجاب کے کسان کی خوشحالی پر توجہ دے گی، علاقے کی محرومیاں دور کریں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ اس وقت سندھ میں امن و امان کی صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے، اغوا برائے تاوان، ڈاکو راج، بھتہ خوری اوربڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے، سندھ میں پندرہ برسوں تک حکومت کرنے والی جماعت نے پورے صوبے کو امن اور ترقی سے محروم رکھا، بار بار اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں آج پھر باریاں مانگ رہی ہیں، عوام اب ان کے جھانسے میں نہ آئے، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کے لیے امید کی کرن ہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کو بجلی بلوں کی صورت میں موت کے پروانے جاری کرنے کی بجائے حکمران بجلی کی مفت خوری، چوری بند کروائیں،آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے ختم کرکے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button