
راولپنڈی ریجن میں ستمبر کے دوران بٹیر و دیگر پرندوں کے شکار پر 159 چالان، پندرہ لاکھ جرمانہ
لاہور(خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات کا صوبہ بھر میں غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں جنگلی بٹیر کے نو اور فالکن کے چھ شکاریوں کے چالان کئے گئے متعدد کو ایک لاکھ جرمانہ۔ راولپنڈی ریجن نے ستمبر کے دوران 159 چالان کرکے پندرہ لاکھ جرمانہ وصول کیا۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف میانوالی محمد ابرار نے فالکن کے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف قصور ذیشان یوسف جتوئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چونیاں سے فالکن کے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے چالیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔ اسیطرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف وہاڑی میاں منیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کے دو جبکہ بٹیر کا ایک چالان کیا دو شکاریوں کو ستائیس ہزار روپے جرمانہ کرکے برآمد کی گئی چُکی آزاد کردی۔ ایسی ہی دیگر کامیاب کارروائیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ساہیوال ریجن نوید طارق کی سربراہی میں ناجائز شکار جنگلی بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر برآمد کرکے کارروائی شروع کردی۔ جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات سے جنگلی بٹیر کے آٹھ شکاری گرفتار کئے تین کو بتیس ہزار روپے جرمانہ جبکہ دیگر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ مزید برآں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن راجہ احسان احمد کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف راولپنڈی اور اٹک نے جنگلی بٹیر سمیت جنگلی پرندگان کے غیر قانونی شکار پر 159 چالان کرکے 14لاکھ 78ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ جبکہ 02لاکھ 30ہزار روپے عدالتی جرمانہ کی مد میں قومی خزانے میں جمع کروایا۔