تعلیمسٹی

سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کی درخواستیں 16اکتوبر سے وصول کی جائیں گی

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز آن لائن پورٹل کے ذریعے 31اکتوبر تک درخواستیں وصول کریگی

پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخل ہونے والے امیدواروں کو ابتدائی طور پر 10لاکھ روپے فیس جمع کرانا ہوگی.یو ایچ ایس میں صوبائی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے، سیکرٹری صحت علی جان خان نے صدارت کی

لاہور(خبر نگار) پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے درخواستیں 16سے31 اکتوبر تک وصول کی جائیں گی۔ یہ درخواستیں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ پیر کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہونے والے صوبائی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سیکرٹری صحت علی جان خان نے کی۔اجلاس میں پنجاب کی تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے میڈیکل کالجز کے داخلوں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی داخلہ کمیٹی کے ارکان نے یو ایچ ایس کے ایڈمیشن سیل کا دورہ کیا اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں کے داخلے 16اکتوبر سے کھول دیے جائیں گے۔سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں کے لیے درخواستیں علیحدہ علیحدہ آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گے۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے سینٹرلائزڈداخلوں سے امیدواروں کے لیے آسانی پیدا ہوگی۔سینٹرلائزڈ سسٹم سے داخلوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔انھوں نے ہدایت کی کہ داخلوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔آن لائن اپیلی کیشن کی بینڈ وڈتھ کو بڑھایا جائے تاکہ آن لائن سسٹم صحیح طریقے سے کام کرتا رہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے پیش نظر صرف امیدواروں اور انکے والدین کی سہولت ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل کالجوں کی پہلی فیس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز وصول کریگی۔پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل کالجوں میں داخل ہونے والے امیدواروں کو دس لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔یہ فیس امیدوار تین دن کے اندر بینک آف پنجاب میں جمع کرائے گا۔یہ فیصلہ بھی کیا گیاکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے داخلوں میں اپ گریڈیشن لازمی نہیں ہوگی۔امیدوار اگرچاہے توپہلے والے کالج میں رک سکے گا۔داخلے مکمل ہونے پر فیس متعلقہ کالجوں کو ٹرانسفر کردی جائے گی۔داخلے مکمل ہونے پر امیدوار کو باقی فیس اپنے کالج میں جمع کرانا ہوگی۔ سرکاری اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے لیے آن لائن درخواستیں 31اکتوبر تک جمع ہوں گی۔اجلاس میں وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز،وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی چودھری،وی سی یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر مسعود صادق، پرو وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر کامران خالد، رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر سارہ غفور اور ایڈیشنل سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر محمد وسیم نے شرکت کی۔جبکہ وی سی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر اور وی سی نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر رانا الطاف نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button