پاکستانسٹیسیاست

چیف سیکرٹری کا فیصل آباد میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، اراضی ریکارڈ سینٹر، ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

 ایف آئی سی کی کینٹین پر اشیاء کا معیار اور قیمتیں چیک کیں، ہسپتال کے مسائل بارے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے رپورٹ طلب

اراضی ریکارڈ سینٹر سٹی صدر میں لوگوں کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری.  بہترین طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،اہل مریضوں کو ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کی سہولت مہیا کی جائے، ایم ایس کو ہدایت

لاہور (خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب زہد اختر زمان نے بدھ کے روز فیصل آباد میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، اراضی ریکارڈ سینٹر اور ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لے کر موقع پر ہدایات جاری کیں۔
چیف سیکرٹری نے فیصل آبادانسٹیٹیوٖٹ آف کارڈیالوجی (ایف آئی سی) میں ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے پوچھا کہ کیا ہسپتال میں ادویات اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، علاج معالجے میں کوئی مسئلہ تو درپیش نہیں؟مریضوں اور انکے اہلخانہ نے ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف سیکرٹری نے ایف آئی سی کے ایم ایس کو ہدایت کی کہ بہترین طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور عملہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اوراہل مریضوں کو ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کی سہولت مہیا کی جائے۔

ہسپتال کے مسائل بارے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں عملہ کی کمی سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے ہسپتال کی کینٹین پر اشیاء کا معیار اور قیمتیں بھی چیک کیں۔
 چیف سیکرٹری نے اراضی ریکارڈ سینٹر سٹی صدر میں شہریوں کی سہولت کیلئے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اراضی ریکارڈ سینٹر میں سروسز کے معیار بارے بھی دریافت کیا۔
چیف سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ جیل کے ہسپتال اور دیگر حصوں کا معائنہ بھی کیا اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو صفائی بہتر بنانے اورتمام قیدیوں کو معیاری کھانا مہیا کرنے کے احکامات جاری کئے۔  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button