پاکستانسٹیسیاست

ملک میں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور جرائم سندھ میں ہیں، سراج الحق

پیپلزپارٹی کا 15سالہ اقتدار تباہی و بربادی اور محرومیوں کادور ثابت ہوا

لاہور (خبر نگار)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ بدامنی، غربت اور جرائم سندھ میں ہیں، پیپلزپارٹی کا 15سالہ اقتدار تباہی و بربادی اور محرومیوں کادور ثابت ہوا، سرکاری زمینوں پر قبضے ہوئے، کراچی کے مسائل حل ہوئے نہ اندرون سندھ میں کوئی بہتری آئی البتہ کچھ لوگوں کی تجوریاں ضرور بھر گئیں۔ حرام کی دولت سے سیاست کرنے والے اسے مینڈیٹ کا نام دیتے ہیں، لوگوں کا خون پسینہ نچوڑ کر انھی سے ووٹ کا تقاضا کیا جاتا ہے، صوبہ میں سازش کے تحت مہاجر اور سندھی تعصبات کو ہوا دی گئی، وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ سیاست سے انسانی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی مظلوموں کو اکٹھا کرنا چاہتی ہے تاکہ ظالم کا مقابلہ کیا جا سکے۔ مافیاز کا احتساب کوئی ادارہ اور عدالت نہیں کر سکی، عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں۔ قوم خوشحالی، ترقی اور مہنگائی سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کوووٹ دے، آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانا آئندہ نسلوں کو بھی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔ استحکام کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے، ووٹ کی طاقت سے ہی فرسودہ نظام اور اس کے پہرے داروں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
علی پور کے مقام پر استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی و سیاسی لحاظ سے مشکل ترین حالات سے دوچار ہے۔ خراب حکمرانی اور مفاد پرستانہ و غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی، وسائل سے مالا مال ملک کو دنیا بھر میں بھکاری بنادیا گیا۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں مہنگا ترین ملک ہے، بھوٹان افغانستان اور ایران بھی معیشت، امن اور ترقی میں پاکستان سے آگے ہیں۔ ملک پر73 ہزار ارب سے زیادہ قرضہ اور ہر پاکستانی پونے تین لاکھ کا مقروض ہے۔سودی نظام کا مکمل خاتمہ اور لوٹی ہوئی دولت سیاستدانوں سے واپس لیکر خزانے میں جمع کرکے معیشت میں بہتری اور ملک بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔جماعت اسلامی ہی ملک کو سودی نظام سے نجات دلا سکتی ہے۔
حیدر آباد کی ضلعی شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے عوام کی ہر مشکل میں خدمت کی ہے، کارکن اسلامی نظام کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں۔ اجلاس میں انتخابات کی تیاری اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔نائب امیر اسداللہ بھٹو، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، نائب قیم حافظ طاہر مجید،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، صدر جے آئی یوتھ سندھ ڈاکٹر امتیاز پالاری اور امیر ضلع عقیل احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت نے ٹنڈومحمد خان کے قریب باقر نظامانی میں زرعی ماہر اور سندھ آباد گار بورڈ سندھ کے سابق صدر رئیس عبدالمجید نظامانی کی وفات پر ان کے صاحبزادگان الہداد، خداداد اور عبدالحفیظ نظانی سے تعزیت کی۔ انہوں مرحوم کے لیے درجات کی بلندی کی دعا اورسندھ میں بیداری اور کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی تحسین کی۔انہوں نے ٹنڈوآدم میں سابق امیر ضلع عبدالعزیز غوری کے بڑے بیٹے شاہد عزیز غوری کی وفات پر لواحقین سے رہائش گاہ پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔سابق چیئرمین بلدیہ مسرور احمد غوری، امیر ضلع عبدالغفور انصاری،عبدالوحید قریشی، امتیاز پالاودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button