
شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے مشن میں میونسپل کمیٹیز ہماری پارٹنر ہیں: پرویز اقبال
لاہور(خبر نگار)پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی)کے زیر اہتمام انرجی منیجمنٹ،آپریشنز اور مینٹیننس پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت پنجاب کی سولہ میونسپل کمیٹیز کے انرجی آڈٹ کی روشنی میں سامنے آنے والی سفارشات کو لاگو کرنے کے کے لئے ایم سی سٹاف کی استعداد کار کو بہتر کرنا تھا۔ پنجاب سٹیز پروگرام کی تمام سولہ پارٹنر میونسپل کمیٹیز سے سٹاف ٹریننگ ورکشاپ میں موجود تھا۔ جبکہ بورڈ اراکین قمرالزمان اور عماد ملک بھی ٹریننگ میں خصوصی طور پر شریک ہوئے ٹریننگ میں واسا، پنجاب آب پاک اتھارٹی اور محکمہ بلدیات سے سینئر افسران اسلم خان نیازی، نجیب اسلم، شرجیل خان اور چیف انجینئر لوکل گورنمنٹ خالد حسینی نے شرکت کی، جبکہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سے بھی افسران موجود تھے۔
ممتاز آرکیٹکٹ پلانر، پرویز اقبال، چئیرمین BOD-PMDFCنے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ورکشاپ کے شرکا سے خطا ب بھی کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت جاری منصوبوں میں جو انفراسٹرکچر اور مشینری ایم سی کو مہیا کی جا رہی ہے اس کے موثر استعمال کی ذمہ داری اب ایم سی سٹاف کی ہے اور آج کی اس تربیت کا اہتمام بھی اسی سلسلے میں کیا گیا ہے۔ انرجی آڈٹ کی روشنی میں تیار کی گئی سفارشات کے موثر استعمال سے ایم سیز اپنے بجلی اور پٹرول کے اخراجات میں کمی لا سکتی ہے جس سے ان کے پاس شہریوں کو بہترمیونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے بجٹ میں زیادہ گنجائش ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت نہ صرف انرجی سیکٹر میں بچت کی جا رہی ہے بلکہ ایم سیز کو ری نیوایبل انرجی جیسا کہ سولر کی سہولت بھی دی جا رہی ہے تاکہ ایم سیزپر اس حوالے سے مالی دباؤ مزید کم ہواور پروگرام کے خاتمے کے بعد متعلقہ میونسپل کمیٹی اپنے وسائل سے واٹر سپلائی، سیوریج، روڈز،سٹریٹ لائٹس اور پارکس سمیت دیگر منصوبوں کو چلا سکے۔
سید زاہد عزیز،ایم ڈی، پی ایم ڈی ایف سی نے بھی ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت کی اور شرکا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایم سی انرجی بلز پر اپنے بجٹ کا ایک بڑاحصہ خرچ کرتی ہے جس میں گاڑیوں کے لئے پٹرول وغیرہ بھی شامل ہے۔اس لئے PITCOکنسلٹنٹس سے پی ایم ڈی ایف سی نے سولہ شہروں کی مشینری اور گاڑیوں کا انرجی آڈٹ کروایا ہے تاکہ اس مد میں ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکے۔آج کی اس ٹریننگ سے ایم سی سٹاف کی انرجی منیجمٹ کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ
پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت اس وقت میونسپل سروسز کے 120سے زائد منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل پر ہیں۔ پارٹنر سٹیز میں جاری منصوبوں میں روڈز، پارکس، سیوریج، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اورواٹر سپلائی شامل ہیں اور16پارٹنر سٹیز میں میونسپل سروس فراہمی کے منصوبوں کی مالیت 37ہزار ملین سے زائد ہے۔جبکہ ان شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت سیوریج کے منصوبوں پر 17ہزار ملین سے زائد رقم خرچ کی جا رہی ہے۔
انرجی آڈٹ رپورٹ کے اہم نکات پر ڈائریکٹر PITCOعثمان حمید ملک نے پریزنٹیشن دی۔جس میں انہوں نے بتایا کہ پارٹنر ایم سیز نے گزشتہ سال کی انرجی آڈٹ رپورٹ سفارشات پر عمل کرتے ہوئے اس مد میں اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی ہے میونسپل کمیٹی جڑانوالہ، اوکاڑہ اور بوریوالہ نے مشترکہ طور پر قریب تیس ملین روپے کی بچت کی ہے۔ اور اب تک میونسپل کمیٹیز کے تین سو سے زائد افسران اور اہلکاروں کو اس حوالے سے تربیت فراہم کی جا چکی ہے جس سے ان اخراجات میں مزید کمی آئے گی اور ایم سیز مزید بہتر طور پر شہریوں کو میونسپل سروسز فراہم کر سکیں گے۔