پاکستانتازہ ترینسٹیسیاست

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی وزیر اعلیٰ آفس آمد، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خیرمقدم کیا،وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے وزراء کی ملاقات

عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے،صوبائی حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے،30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا

وزیراعلیٰ اور چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ کے وزراء کی اجلاس میں شرکت

لاہور(خبر نگار)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آج وزیر اعلیٰ آفس پنجاب کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ آفس آمد پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا خیرمقدم کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے وزراء نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی اور عام انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ کے وزراء نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے پرامن،آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے،سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے۔30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی۔عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے نبھائیں گے۔اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر سیدآصف حسین، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button