
غزہ میں شہادتوں کی تعداد8500سے تجاوز کر گئی،3ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں. مسلم ممالک اسرائیل کے سفیروں کو ملک بدر اور مصنوعات کا بائیکاٹ کریں. جماعت اسلامی پنجاب وسطی
لاہور (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کے کیمپ جبالیا پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے سینکڑوں افراد کی شہادت عالمی برادری اور اقوام متحدہ سمیت امن کے علمبردار ممالک کی محض مذمت کرنے کی پالیسی کا شرمناک نتیجہ ہے۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے۔ غزہ کی ناکہ بندی سے ہلاکتوں کئی گنا بڑھ گئیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کی بجائے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ اسرائیل نے ظلم و ستم کی تمام حدود عبور کر لیں ہیں۔مسلم ممالک کو کفار کا مقابلہ کرنے کے لئے متحدہونا پڑے گا،اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ اگر آج امت مسلمہ نے یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا اور فلسطینیوں کی مدد نہ کی تو تاریخ معاف کرے گی اور نہ ہی دیگر مسلم ممالک اسرائیل اور امریکہ کی شر انگیزیوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین سے ہمدردی رکھنے والے ممالک اور بالخصوص مسلم ممالک کی طرف سے نہ صرف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے بلکہ اسرائیلی سفیروں کو بھی ملک بدر کیا جائے۔ثابت ہو گیا ہے کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس نے فلسطینیوں کی سر زمین پر قبضہ کر کے ان کا قتل عام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد8500سے تجاوز کر گئی ہے،23ہزار افراد زخمی ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار این جی اوز کو غزہ میں معصوم بچوں پر ہونے والا ظلم نظر نہیں آرہا۔ 3200سے زائد بچے شہید کر دیئے گے ہیں،مگر اسرائیلی وحشانہ پن کا خاتمہ نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں میں ابتک تین لاکھ سے زائد رہائشی عمارتیں تباہ،31مساجد،205اسکولزاور 24ہسپتال بھی ملیامیٹ ہو چکے ہیں۔غزہ میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر غیر فعال کر دیا گیا ہے۔12لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔اسرائیلی جارحیت میں اقوام متحدہ کے 31اہلکاربھی مر چکے ہیں۔ اسرائیل امدادی قافلوں پر بمباری کر کے عالمی جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عالمی میڈیا جس انداز میں تعصبانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے اور یکطرفہ رپورٹنگ کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے مگر تعصب کے شکار میڈیا کو یہ نظر نہیں آرہا۔