سٹیسیاست

وزیراعلیٰ محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، مختلف شعبوں خصوصا سموگ سے نمٹنے کے لئے اشتراک کارکے حوالے سے تبادلہ خیال

پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس کے معاہدے کے تحت تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، سموگ سے نمٹنے کیلئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں. ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کوبڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے،محسن نقوی

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلی آفس میں امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنز(Ms. Kirstin K. Hawkins)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصا سموگ سے نمٹنے کے لئے اشتراک کارکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت،سیاحت،تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے بات چیت کی گئی۔وزیراعلی محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں۔ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کوبڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کو آفت قرار دے کر سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔تمام سکولوں میں طلبا وطالبات کی صحت کے لئے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جارہا ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button