سٹی

پبلک ریلیشنز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات ، نئے عہدیدار بلا مقابلہ منتخب

اطہر حسن اعوان صدر، کرامت علی جنرل سیکرٹری اور چودھری ذولفقار علی فنانس سیکرٹری کامیاب قرار
لاہور(خبر نگار)تعلقات عامہ سے وابستہ افراد کی نمائندہ تنظیم پبلک ریلیشنز ویلفیئر ایسوسی ایشن (پروا) کے سالانہ انتخابات منعقد ہوئے جس میں ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کا انتخاب کیاگیا۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے انتخابی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے تین امیدواروں کے پینل کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا ۔ اطہر حسن اعوان صدر، کرامت علی جنرل سیکرٹری اور چودھری ذوالفقار علی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔
ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ روز کاسموپولیٹن کلب باغ جناح لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں پبلک ریلیشنز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ممبران، سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعلقات عامہ کے ماہرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروا کے نومنتخب صدر اطہر حسن اعوان نے اپنے خطاب میں پبلک ریلیشنز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر سید ندیم الحسن گیلانی، چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم اورپرواکے تمام معزز ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پبلک ریلیشنز ویلفیئر ایسوسی ایشن کو بہتر بنانے کے لیے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اولین ہدف تعلقات عامہ کے شعبے میں پروا کے وقار کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ممبران اور کابینہ ممبران کے انتخاب، تقریب حلف برداری کے انتظامات، ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن، بینک اکاؤنٹ کھولنے،ویب سائٹ کے اجرا، رجسٹرڈ ممبران کے لیے آفیشل کارڈز کے اجراء اور ممبران کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تعلیمی اداروں اور صحت کے شعبے کیساتھ مل کر ایم او یوز کے بارے میں جامع حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی رکنیت بڑھانے کے لیے اقدامات، رجسٹریشن سکروٹنی کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ایسوسی ایشن کے دفتراور ممبران کے لیے رہائشی سکیم کے لیے زمین کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اطہر اعوان کا کہنا تھا کہ نئے عہدیداران کی حلف برداری جلد منعقد ہوگی۔ انہوں نے سینئر نائب صدر، نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری، اور انفارمیشن سیکرٹری کے لیے بھی نامزد کیے گئے امیدواروں کومتعارف کروایا تاکہ پروا کے طے شدہ اہداف کےحصول کو ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین پروا ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی نے بھی تمام ممبران کی آمد پر ان کا شکریہ اداکیا اور پروا کی بنیاد اور مختصر تاریخ اور اس کے نشیب و فراز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تمام عبوری باڈی ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جس طرح انہوں نے الیکشن کے انعقاد، ممبر شپ اور انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران پروا کے اہداف کے حصول میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔
آخر میں سینئر نائب صدر سید علی بخاری نے اپنے اختتامی کلمات میں اسرائیل کے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت پر مذمتی قرارداد پیش کی ۔ پورے ایوان نے اسرائیل کے خلاف ان کی قرارداد کی حمایت کی۔ اس موقع پرشہدا کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں اور اسرائیل کے ظلم کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے لیے دعا کی گئی۔*

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button