لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پیر کے روز میڈیکل ٹیچنگ کورس کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مجموعی طور پر 97 میڈیکل ٹیچرز کو سرٹیفیکیٹس دیے گئے۔ مزید برآں 26 مینٹورز (اتالیق)اور 8 فیسیلیٹیٹرز (سہولت کاروں)کو بھی سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ سرٹیفکیٹ پانے والوں میں لاہور کے 13ویں، سیالکوٹ میڈیکل کالج کے پہلے اور خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کے دوسرے بیچ کے شرکاء شامل تھے۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، رجسٹرار پروفیسر سارہ غفور اور فوکل پرسن پروفیسر سدرہ سلیم موجود تھے۔ شرکاء سے اپنے خطاب میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ بڑا آرٹ ہے۔ اسے سیکھے بغیر ٹیچنگ کا حق ادا نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز آؤٹ کم بیسڈ بنارہے ہیں۔ بیسک سائنسز میں ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرامز کا مقصد اچھے میڈیکل ٹیچرز تیار کرنا ہے۔ وی سی یو ایچ ایس کا مزید کہنا تھا کہ ایم فل کی ڈگری حاصل کرنے کیلئے اب سٹوڈنٹ کو خود کم از کم 25 لیکچر دینے ہوں گے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم نے کہا کہ کورس کو کامیاب بنانے پر ڈاکٹر سدرہ سلیم اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ میڈیکل ٹیچنگ کورس کو ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام کا لازمی حصہ بنا دیا گیا ہے۔ رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر سارہ غفور کا کہنا تھا کہ ان فیکلٹی ممبرز کیلئے جنھیں یہ کورس کیے کچھ عرصہ گزر چکا ہے ان کیلئے ٹیچنگ کے ریفریشر کورسز بھی ہونے چاہئیں۔ قبل ازیں کورس فوکل پرسن پروفیسر سدرہ سلیم نے پروگرام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز 2010ء میں برٹش کونسل کی انسپائر گرانٹ کے تحت کیا گیا۔ 2017ء میں پروگرام کا دائرہ کار دوسرے شہروں میں پھیلا دیا گیا. پروفیسر سدرہ سلیم۔ ے مزید کہا کہ اب تک ایک ہزار سے زائد میڈیکل ٹیچرز یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر چکے ہیں۔
Related Articles
Check Also
Close