سٹی

نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں کرسمس کی شاندار تقریب

لاہور (خبر نگار ) کرسمس کے نزدیک آتے ہی پاکستان بھر میں تقریبات کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے اور مختلف گرجا گھروں وغیرہ میں کرسمس کیک کاٹے جا رہے ہیں جبکہ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے لاہور میں قائم نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں بھی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو ، معروف گلوکار وارث بیگ ، ڈائریکٹر انسانی حقوق ڈاکٹر محمد یوسف ،مختلف بشپس ، ماڈریٹرز اور نولکھا چرچ سے منسلک افراد کے اہلیخانہ کے ہمراہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے پاسٹر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر مذہب میں امن و محبت کا درس موجود ہے تاہم قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ تمام مقررین نے ہمیشہ کی طرح شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر مجید ایبل کو مبارکباد پیش کی۔ چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے دور میں مسیحی طلباء کے لئے ہمیشہ گورنر ہائوس کے دروازے کھلے رکھے اور مشنری سکولوں کی واپسی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کا نظام نافذ کرنا ہوگا جیسا کہ یورپ وغیرہ میں کیا جاتا ہے۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ڈاکٹر مجید ایبل ہمیشہ ہی ایسا خوبصورت گلدستہ سجاتے ہیں جبکہ گھٹن کے ایسے ماحول میں اس طرح کی تقریبات بہت ضروری ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دکھ بانٹنے سے کم جبکہ خوشی بانٹنے سے بڑھتی ہے ۔ ڈائریکٹر انسانی حقوق پنجاب محمد یوسف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ آج بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم ہورہی ہے۔ ۔ تقریب میں بچوں کی جانب سے مختلف خاکے اور مختلف قسم کے گیت بھی پیش کئے گئے۔ تقریب میں فلسطین اور غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تمام مقررین نے پاکستان میں امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مجید ایبل نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعاء کرائی اور سب نے ملکر کرسمس کیک بھی کاٹا ۔

118 Comments

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button