
لاہور(خبرنگار) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ سرد موسم کی شدت سے بے سہارا اور مستحق افراد کوبچانے کیلئے مخیر حضرات کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام الخدمت فا ئونڈیشن پاکستان کی طرف سے یونیورسٹی ملازمین کو فراہم کردہ رضائیاں ،گدے اور تکیے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، صدر پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن چوہدری بشارت محمودسمیت ممبران و ملازمین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب یونیورسٹی کے مستحق ملازمین کو الخدمت فائونڈیشن پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تحائف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب یونیورسٹی ملازمین ایسو سی ایشن کے صدر وممبران یونیورسٹی کی تعمیرو ترقی میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ صدر پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن چوہدری بشارت محمودنے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور الخدمت فائونڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے انتظامیہ کے تعاون سے ہر سطح پر کردار ادا کررہے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے مستحق ملازمین میں رضائیاں ، گدے اور تکیے تقسیم کئے۔