
لاہور(خبرنگار) پنجاب یونیورسٹی ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی ٹاؤن ون اور ٹو کے نومنتخب اراکین کی حلف برداری کی تقریب وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اراکین سے حلف لیا۔تقریب میں ٹاؤن ون کے نومنتخب صدر میاں سہیل اکرم، نائب صدر ڈاکٹر خالد خان، جنرل سیکریٹری جلیل طارق جبکہ صدر ٹاؤن ٹوعمران علی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر بشیر احمد، سینئر نائب صد انوار الحق سمیت ممبران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے نو منتخب اراکین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹاؤن ون اور ٹو کے منتخب اراکین پنجاب یونیورسٹی ملازمین کو رہائشی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے کردار ادا کریں گے۔