
لاہور (خبر نگار)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ترازو کاانتخاب کرے، عوام ہمیں ووٹ دے کر کامیاب کرائے، تو ہم انھیں ایسا پاکستان دیں گے جس پر پوری امت فخر کرے گی۔ موجودہ الیکشن میں بھی وہی لوگ جھوٹے وعدے کر رہے ہیں جو عرصہ دراز سے عوام پر مسلط ہیں، خاندانوں کی حکمرانی چاہنے والے ملک میں جمہور کی حکمرانی نہیں چاہتے، باریاں لگانے والوں کی باری ختم، اب عوام کی باری آئے گی۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، انھوں نے سالہاسال صوبوں اور مرکز میں حکومت کی ہے، یہ ایک بھی عوامی مسئلہ بتائیں جو حل کیا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے این اے 126، پی پی 168 میں الیکشن مہم کے آغاز کے موقع پر اتفاق ٹاؤن گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکا سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی و امیدوار این اے 126 امیر العظیم اور امیدوار پی پی 168 ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج پر موجود اہم قیادت میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ذبیح اللہ بلگن، غلام حسین بلوچ، عبدالعزیز عابد، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ثمینہ سعید، ربیعہ طارق، عظمیٰ عمران و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ کرپشن اور بیڈ گورننس ہے، ملک میں سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے، پاکستان 80ہزار ارب کا مقروض ہے، حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، قرضہ لے کر صاحبانِ اقتدار کھا گئے اور وصولی کے لیے عوام کا خون چوساجا رہا ہے، انہی حکمرانوں نے آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے کر کے بجلی کی فی یونٹ قیمت 50 روپے تک کر دی، ان کی وجہ سے پونے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگار، 90لاکھ نشے کے عادی ہو گئے، جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، ہمیں اقتدار ملا تو ہم پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار دیں گے، انھیں سرکاری زمینیں دیں گے، خواتین کے لیے الگ یونیورسٹیاں بنائیں گے، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دی جائے گی، ہم کشمیریوں اور فلسطینیوں کا مقدمہ پوری مضبوطی سے لڑیں گے۔ وعدہ کرتا ہوں اقتدار میں آ کر ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے آزادی دلا کر واپس لائیں گے۔
امیرجماعت نے کہا کہ لاہور پر مسلط خاندان نے شہر کی تاریخی اور تہذیبی شناخت مسخ کر دی، صوبائی دارالحکومت کی گلیاں، کوچے، بازار گندگی کا ڈھیر ہیں، سڑکیں تباہ حال اور لوگ پھیپھڑوں میں زہر بھر رہے ہیں، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔ زندہ دلان لاہور جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ دیں، ہم شہر کو عظیم صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لاہور بدل رہا ہے، اہل لاہور جاگ گئے ہیں اور جب لاہور جاگے گا تو ملک بدلے گا، پاکستان ایک ایسا ملک بنے گا جو خوشحال ہو گا، جہاں امن ہو گا، جہاں اسلامی قانون چلے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے غزہ کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا، یہ امریکا سے خوفزدہ ہیں، غزہ پر 83روز سے بمباری ہو رہی ہے، ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی نے غزہ کے لیے آواز بلند کی، ہم نے لاہور، کراچی، اسلام آباد میں ملین مارچز کیے، قومی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے اہل فلسطین کے لیے ایران، ترکی اور قطر کا دورہ کیا اور وہاں کے حکمرانوں سے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران بزدل ہیں، مگر پاکستانی شیردل قوم ہے، یہی موقع ہے عوام 8فروری کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم حساب بنادیں۔