
لاہور(خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیرقیادت محکمہ کا صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکاریوں کیخلاف فیلڈ آپریشن جاری ہے اور جس کے نتیجے میں ضلع لودھراں اور جہلم سے رات کی تاریکی کے دوران تیتر اور چڑیوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول چار شکاری گرفتار بیس ہزار عدالتی اور بیس ہزار محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد جبکہ بندوق بحق سرکار ضبط۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع لودھراں میاں منیر احمد کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف لودھراں نے رات کی تاریکی کے دوران معصوم چڑیوں کی نیٹنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا عدالت نے دونوں کو مجموعی طور پر بیس ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ تحویل میں لی گئیں چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کردیں۔ اسیطرح کی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع جہلم سید عثمان الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موضع آڈھا سے رات کیوقت تیتر کے غیر قانونی شکار میں مشغول دو افراد کو گرفتار کرکے مبلغ بیس ہزار روپے جرمانہ کیااور بندوق بحق سرکار ضبط کرلی۔