فیصل آباد سے رسالے والا ریلوےسٹیشنوں کے درمیان ٹریک کے دونوں اطراف سے تجاوزات کا صفایا کردیا گیا۔
اپریشن کے نتیچے میں ریلوے کی دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کمرشل زمین واگزار کروالی گئی۔
لاہور(سپیشل رپورٹر) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد حنیف گل کی ہدایت پر ایک ہی دن میں لاہور اور فیصل آباد میں قبضہ مافیا کیخلاف دو بڑے اینٹی انکروچمنٹ اپریشن کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سگنل شاپ سک لائن کے گردونواح سے نہ صرف تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا بلکہ ایک 10 مرلہ سٹور کو بھی مسمار کردیا گیا جبکہ دوسری جانب فیصل آباد ریلوے سٹیشن سے رسالے والا ریلوے سٹیشن تک ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف سے بھی تجاوزات کا صفایا کردیا گیا۔ اینٹی انکروچمنٹ اپریشن کے دوران ریلوے کی دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کمرشل زمین واگزار کروالی گئی۔ اس کے علاوہ کاروائی کے دوران ریلوے کی زمین پر ٹریک کے قریب سے خانہ بدوشوں کو بھی اٹھادیا گیا جو ٹرینوں کی آمدورفت کے وقت حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔ اینٹی انکروچمنٹ اپریشن ریلوے اہلکاروں سمیت ریلوے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے کیا گیا۔ لاہور میں اپریشن کی نگرانی اے ای این رانا منور حسین، اے آئی او ڈبلیو احسن جبکہ فیصل آباد میں اے ای این سالک ھارون سمیت سب انسپیکٹر اکرام ڈوگر نے کی۔ قبضہ مافیا کیخلاف کامیاب اینٹی انکروچمنٹ اپریشنوں کے حوالے سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کا کہنا تھا ریلوے کی زمین پر غیر قانونی قابضین کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری رہے گا اور غیرقانونی قابضین سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔