سٹی

وزیر اوقاف کی داتا دربار ہسپتال میں اصلاحات لانے کی ہدایت

ہسپتال کی موجودہ 120 بیڈز کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا، بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

نگران وزیر کا دورہ، تمام شعبوں کا معائنہ، سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری بھی موجود

لاہور(سپیشل رپورٹر)
نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوۃ و عشر پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے داتا دربار ہسپتال بلال گنج میں اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہسپتال کی موجودہ 120 بیڈز کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز محکمہ اوقاف کے زیرانتظام داتا دربار ہسپتال کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی کے حکم نگران کابینہ کا ہر وزیر فیلڈ میں ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری بھی موجود تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحمید نے داتا دربار ہسپتال کے معاملات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے بات بھی کی۔
بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ داتا دربار ہسپتال میں 120 بستروں کی سہولت 12 سال پہلے مہیا کی گئی تھی۔ آبادی میں اضافے کے لحاظ سے گنجائش میں اضافہ کرنا اور ہسپتال میں اصلاحات لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایم ایس داتا دربار ہسپتال کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے ایک ہفتے میں تحریری رپورٹ پیش کی جائے۔ صوبائی وزیر نے داتا دربار ہسپتال میں ہومیو پیتھک ڈاکٹر اور یونانی طبیب کی اسامیاں خالی ہونے کا نوٹس لیتے سیکرٹری اوقاف کو بھرتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں پر پابندی ہے تو یہ عمل پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل کیا جائے۔ ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا خاص خیال رکھیں۔ مستحق مریضوں کے مفت علاج میں شفافیت لائی جائے تاکہ فنڈز کا میرٹ پر استعمال یقینی بنایا جاسکے۔ ہسپتال کے بعض حصوں میں روشنی کے ناکافی نظام کا نوٹس لیتے ہوئے بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں دن کے وقت بھی روشنی کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور مریضوں کی رہنمائی کے لئے کاغذ پر عارضی بورڈز کی بجائے مستقل بورڈز آویزاں کئے جائیں۔ نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور نے خبردار کیا کہ مریضوں کی شکایات پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہسپتال کے آئی اور ڈینٹل یونٹس کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ایم ایس کو شاباش دی۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے ہدایت کی کہ ایم ایس ہسپتال تمام شعبوں کے انچارجوں سے تحریری رپورٹ لیں۔ صرف سرکاری خط و کتابت پر اکتفا نہ کریں بلکہ صوبائی وزیر کے احکامات پر عملی کام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button