
نگران حکومت اور الیکشن کمیشن پاکستان ضابطہ انتخابات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ عوامی طاقت سے قرآن و سنت کا نظام رائج کر کے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ بنائیں گے۔ قوم سے اپیل ہے کہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔ امیدوار پی پی 147 و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصار ی ایڈووکیٹ کی میڈیا سے گفتگو
لاہور (خبر نگار)امیدوار پی پی 147 و امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصار ی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن میں دولت کی نُمود و نُماءِش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ جماعت اسلامی صاف،شفاف اوربروقت شیڈول کے مطابق الیکشن چاہتی ہے۔ الیکشن کا التوا چاہنے والے اپنی سابقہ کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔سابق منتخب عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں بدترین کارکردگی کی وجہ سے عوام کا سامنا کرنے کو تیار نہیں۔ عوام میں شعور بیدار ہوچکا ہے۔ اس بار الیکشن میں پارٹیاں، جھنڈے اور وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ لاہور کے باسی گذشتہ کئی دہائیوں سے سیوریج ملا آلودہ پانی پینے اور استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ شہرکے آبادی والے علاقوں میں ٹوٹی گلیاں، سٹریٹ لائٹس، صفائی کی ابتر صورتحال،بجلی و گیس کی عدم فراہمی اور گلی محلوں میں منشیات فروشی سمیت دیگر مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پی پی 147 میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم، کارنرمیٹنگز کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو شہری مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عوامی طاقت سے قرآن و سنت کا نظام رائج کر کے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ بنائیں گے۔جہاں شہریوں کو صاف پانی، صحت و تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔جماعت اسلامی خاندانوں کی بجائے جمہور کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی اہل اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی قیادت کا انتخاب کریاور8 فروری کو عدل،
امن اور ترقی خوشحالی کے نشان” ترازو ” پر ٹھپہ لگائیں۔