
لاہور(خبر نگار)یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یوایم ٹی) نے آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن (OIC) کے ساتھ مل کر OIC کے تمام رکن ممالک کے طلباء کو اسکالرشپس دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب OIC کے سیکرٹری جنرل جناب حسین براہم طحٰہ کی سربراہی میں جدہ میں منعقد کی گئی۔ ریکٹریو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، اورجناب سفیر اسکر مسینوف، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجیOIC نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
یو ایم ٹی آفس آف انٹرنیشنلائزیشن کے ہیڈ عرفان باجوہ، ترجمانOIC برائے سائنس و ٹیکنالوجی جناب شیر رحمان، مختلف ممالک کی اسلامی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر OIC کی اسٹریٹجک تنظیموں کے سربراہان بھی موجود تھے جو رکن ممالک کے اندر تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں قلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
جناب سفیر عسکر مسینوف نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایم او یو تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی اور OIC جنرل سیکرٹریٹ کی مشترکہ کاوشوں کا مقصد مستقبل کے مسلم لیڈرز کو بااختیار بنانا اور اسلامی دنیا میں علم، اختراع اور تحقیق کی ترقی میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔.
ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضاکا کہنا تھا کہ یہ پارٹنرشپ بین الاقوامی سطح پر تعلیمی فضیلت میں معاونت کے لیے یو ایم ٹی کی لگن کی واضح مثال ہے، جس سے آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن کے رکن ممالک کے طلباء کو پاکستان کے بہترین نامور اداروں میں سے ایک یو ایم ٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہونگے