
لاہورپولیس انتخابی عمل کے پرُ امن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصرر ضوی
لاہور(خبر نگار ، کرائم رپورٹر)
ڈی آئی جی آپریشنزلاہور سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں جنرل الیکشن کی سکیورٹی بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا،ایس پی سکیورٹی اخلاق اللہ تارڑ، ڈویژنل ایس پیز، سرکل انچارجز، ایس ایچ اوز، انچارج انویسٹی گیشنزو دیگر ونگزکے افسران اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں امن و امان کاقیام یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ایس پی سکیورٹی نے عام انتخابات 2024ء کے سکیورٹی انتظامات بارے ڈی آئی جی آپریشنزکو بریفنگ دی۔ سید علی ناصر رضوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔لاہورپولیس انتخابی عمل کے پرُ امن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے افسران کو لاء اینڈ آرڈر،سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات بروقت مکمل کرنے اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس،ضلعی انتظامیہ اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ الیکشن کے عمل کو مکمل شفاف اور پر امن بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے۔ ایمر جنسی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کے اہلکاروں کو ریزرو رکھا جائے اورشہر بھر میں ڈولفن سکواڈ اور پی آریو ٹیموں کے گشت کیلئے موثر پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کیلئے فول پروف پروگرام تشکیل دیا جائے۔کسی بھی شرپسند عناصر کو شہر کا امن متاثر کرنے نہیں دیا جائے گا۔تشہیری مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش پرسخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔