ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے شہر کی میگا سٹور ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ڈی سی لاہور رافعہ حیدر سے ملاقات

لاہور (خبر نگار ) ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے شہر کی میگا سٹور ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈی سی آفس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر سے ملاقات کی۔ ترکیہ کے زلزلے متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کے لئے چیک دیا گیا۔ ابتدائی طور پر شہر کے 18 میگا سٹور کے مالکان نے مجموعی طور پر 3۔9 ملین کا چیک دیا اور مزید مالی امداد کے لئے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کو یقینی دہانی بھی کروائی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ 3۔9 ملین رقم کو وزیراعظم پاکستان کے ریلیف فنڈ میں جمع کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الفتح سٹور، جلال سنز، ڈیسنٹ ڈیپارٹمنٹل سٹور،رین بو کیش اینڈ کیری، رحیم سٹور، وکٹوریہ لنک روڈ،اسلم سپر مارٹ، رائزن کیش اینڈ کیری، شاہ فرید سٹور، پنجاب کیش اینڈ کیری، فائن سٹور، نعمت خانہ، علی سپر سٹور اور بسم اللہ سٹور کی انتظامیہ نے چیک دئیے ہیں اور میگا سٹورز نے اچھے مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ دیگر میگا سٹورز کو امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک کیا جائے گا اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے ضلعی انتظامیہ میگا سٹورز کے ساتھ رابط رکھے ہوئے ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ مشکل وقت میں ترکیہ نے بھی پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا تھا۔٭٭

