
لاہور (سپورٹس رپورٹر)
دوسرا چودھری نذیر احمد میموریل پنجاب جونیئر ٹینس ٹورنامنٹ چنن ٹینس سنٹر گلبرگ میں شروع ہوگیا۔ چودھری نذیر مرحوم کی اہلیہ نصرت نذیر نے پروقار تقریب میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر ملک بھر سے کھلاڑیوں اور ٹینس کے کھیل سے تعلق رکھنے والے کوچز اور آفیشلز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 18 انڈر 16بوائز اینڈ گرلز انڈر 14 اور انڈر 12 کیٹگری میں مقابلے ہوئے۔ انڈر 18 کے ٹاپ سیڈ احتشام ہمایوں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دیدی جبکہ گرلز کیٹگری میں ایمن ریحان نے کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی گزشتہ پچاس برس سے ملک میں ٹینس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور دوسال سے اپنے والد چودھری نذیر کے نام سے جونیئر لیول پر ٹورنامنٹ کا انعقاد کررہے ہیں جس سے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عمران نذیر کے علاوہ ٹورنامنٹ کوارڈینیٹر شہلہ ریحان جبکہ آرگنائزنگ سیکرٹری کے فرائض انٹرنیشنل کھلاڑی خرم نذیر انجام دے رہے ہیں۔