کاروبار

لاہور چیمبر نے وفاقی بجٹ کے لیے چیمبرز ، ایسوسی ایشنز, یونیورسٹیوں سے تجاویز طلب کرلیں

لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشنز سے بجٹ تجاویز طلب کی ہیں تاکہ وفاقی بجٹ 2023-24 کے لیے مشترکہ تجاویز بھجوائی جاسکیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی، مسلسل بڑھتی ہوئی کاروباری لاگت، مہنگائی، بلند شرح سود وغیرہ کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت بہت سے مسائل سے دوچار ہے اور کاروباری شعبے کی راہ میں بھی رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو کوئی ریلیف دینے کے بجائے درآمدی پابندیوں نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت اور چیئرمین ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیٹی اشفاق ٹولہ نے 13 فروری 2023 کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، ملاقات کے دوران انہوں نے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے مشترکہ بجٹ تجاویز تیار کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کاروبار معیشت کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں پیدا کرنے والے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ دریں اثنائ، پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ایک تفصیلی پریذنٹیشن دی اور صدر لاہور چیمبر کاشف انور کو چارٹر آف اکانومی پر ایک دستاویز پیش کی۔ چارٹر آف اکانومی کی ابتدائی دستاویزجو لاہور چیمبر نے پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے تعاون سے تیار کی تھی، میں تین حصے شامل ہیں۔ پہلا حصہ بنیادی اقتصادی حقوق و اقتصادی پالیسی ، دوسرا حصہ ضابطہ اخلاق ، اخراجات پر پابندی، منصفانہ ٹیکس، سبسڈی، بجٹ، سماجی تحفظ، آزاد منڈی اور تجارت، کرنسی اور قرض جبکہ تیسرا حصہ نفاذ کے عمل کی تفصیلات پر مشتمل ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس دستاویز کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور مختلف پیشہ ور تنظیموں کی آراءبھی حاصل کی جائیں گی۔لاہور چیمبر کے صدر نے تمام چیمبرز اور تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ وفاقی بجٹ 2023-24 سے متعلق اپنی تجاویز جلد از جلد لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں۔مزید برآں، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے لاہور چیمبر کی جانب سے چارٹر آف اکانومی کے مطالبے پر مثبت جواب دینے پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا شکریہ ادا کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ معاشی بحالی کے لیے اس طرح کی مثبت سوچ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button