
لاہور (خبر نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام آج لاہور کے مختلف حلقوں اور علاقوں میں یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام، حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالرؤف، خالد نیک گجر، عمران بھٹی اور ملک اعجاز کی قیادت میں استنبول چوک، ٹاؤن شپ، بھٹہ چوک، باگڑیاں چوک اور دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں سے یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جو لاہور کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی جی پی او چوک مال روڈ جلسہ گاہ میں پہنچیں گی۔ جہاں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو سمیت دیگر مرکزی قائدین جلسہ سے خطاب کریں گے۔ یکجہتی کشمیر ریلیوں میں شہر بھر سے پارٹی کارکنان، ڈاکٹرز، وکلاء اساتذہ،سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری لاہور انجنئیر حارث ڈار نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں ہونے دینگے، مرکزی مسلم لیگ کشمیریوں کے حقوق کے لیے سیاسی، سفارتی، ثقافتی، انسانی حقوق، اور امن و سلامتی سمیت تمام پلیٹ فارمز پر وکالت جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی مسلم لیگ قوم سے اپیل کرتی ہے کہ اس جدوجہد کے ہر قدم پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اس وقت تک چلنا ہوگا جب تک انہیں انصاف اور امن نہیں مل جاتا ہے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل اپنے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے۔ مگر افسوس اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ میں زندہ دلان لاہور سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق خودارادیت کے لیے ملت واحد ہونے ثبوت دیجئے۔