
عوام 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امید واروں کو کامیاب کروائیں، ہم کشمیر کو آزاد کروائیں گے
امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124محمدجاویدقصوری کا باگڑیاں میں عوامی اجتماع سے خطاب
لاہور (خبرنگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کے پر امن حل چاہتی ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان عالمی برادری کے سامنے بھارت کے ظالمانہ اور گھناونے کردار کو بے نقاب کرے۔ تنازعہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا اور دنیا میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عالمی برادری کے ماتھے کا داغ بن چکی ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں باگڑیاں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے 80 لاکھ کشمیریوں کے غیر انسانی لاک ڈاون9 لاکھ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے امن و سلامتی کو درپیش خطرات اور جارحانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کی ’ہندوتوا‘ ذہنیت، جو مسلم دشمنی اور کشمیری مخالف جنون کے بنیادوں پر قائم ہے، علاقائی امن و استحکام کے لئے خطرناک صورتحال پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر 76سال سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان وجہ تنازعہ بنا ہوا ہے دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں کئی بار مذاکرات ہوئے مگر مسئلہ جوں کا توں ہے بلکہ اس کی سنگینی میں آئے روز اضافہ ہوریا ہے، ہندوستان کے ظلم اور زیادتیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور کشمیر کا ہر گھر ہندوستان حکومت کے قہر کا نشانہ بن چکا ہے۔خطہ کشمیر خون سے لالہ زار ہے اور امن خواب بن چکا ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امید واروں کو کامیاب کروائیں۔ ہم پاکستان کی شہ رگ کو آزاد کر وا کر پاکستان کا حصہ بنائیں گے۔جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کی 241 اور صوبائی اسمبلیوں کی 530 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ عوام نے مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو دیکھ لیا ہے، سب نے کشمیریوں سمیت 25کروڑ عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ نا اہل حکمرانوں کو تبدیل کیا جائے۔