
1000 زائرین کے بیک وقت کھانا کھانے کیلئے وسیع لنگر ہال بنے گا، خواتین زائرین کیلئے مخصوص ہال اور لنگر ایریا میں بھی توسیع ہو گی. 24گھنٹے کھانے کی فراہمی کیلئے بیسمنٹ میں لنگر سٹور، ایڈمن بلاک اورپولیس سٹیشن بھی بنائے جائینگے،ہزاروں زائرین کیلئے اوپن ائر تھیٹر نما کمپلیکس بنایا جائیگا. چاروں اطراف میں غلا م گردش میں توسیع ہو گی، قدیمی حسن برقرار رکھنے کیلئے مزار سے مطابقت رکھتی ہوئی محرابیں،کیلی گرافی اور ماربل لگایا جائیگا
لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دربار حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش ؒ کمپلیکس کی توسیع کے میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا،6.5ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش ؒ کے مزار کے احاطے میں کسی چلا کر باضابطہ طورپر تعمیرات کاآغاز کیا۔میگا پراجیکٹ میں نماز ہال کی توسیع شامل ہے، مزید ایک ہزار نمازیو ں کی گنجائش پیدا ہوگی۔ایک ہزار زائرین کے بیک وقت کھانا کھانے کے لئے وسیع و عریض لنگر ہال تعمیر ہوگا۔ خواتین زائرین کے لئے مخصوص ہال اور لنگر ایریا میں توسیع کی جائے گی۔ 24گھنٹے کھانے کی فراہمی کے لئے لنگر سٹور بیسمنٹ میں بنے گا۔ بیسمنٹ میں ایڈمن بلاک اورپولیس سٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔ محفل سماع میں ہزاروں زائرین کے بیٹھنے کے لئے اوپن ائرتھیٹرنما کمپلیکس بنایا جائے گا۔ مزار کے چاروں اطراف میں غلا م گردش میں توسیع کی جائے گی، توسیعی میگا پراجیکٹ میں مزار کاقدیمی حسن برقرار رکھا جائے گا۔ محرابیں،کیلی گرافی اور ماربل مرکزی مزار سے مطابقت رکھے گا۔مزار کے فرنٹ پر ساڑھے6کینال اوپن ایریا رکھا جائے گا۔ جامعہ ہجویریہ میں کلاس روم، لائبریری اور ایڈمن آفس بنائے جائیں گے۔مرکزی مزارکی تعمیر کے لئے ایڈمنسٹریٹر داتا دربارتوقیر محمودوٹواور مدینہ فاؤنڈیشن کے اسلم ترین نے ایم او یو پر دستخط کئے۔بعد ازاں وزیراعلی محسن نقوی نے داتا دربا ر احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کا مزار لاہور شہر کی انفرادیت او رخوبصورتی ہے۔حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار لاکھوں عقیدت مندوں کے لئے مرجع خلائق ہے۔داتا دربار توسیع پراجیکٹ کے ساتھ بھاٹی چوک کی ری ماڈلنگ او رری ڈیزائننگ بھی کی جائے گی۔بھاٹی چوک سے مزار کی طرف دو رویہ سڑک بنائی جائے گی۔ لاکھوں زائرین کی آمد کے لئے دربار داتا گنج بخش کا ہر حصہ چھوٹا پڑتا نظر آرہا ہے۔حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی ری ڈیزائننگ او رری ماڈلنگ کے لئے ایس ایم بی آر، سی اینڈ ڈبلیو، اوقاف اور نیسپاک نے بہت محنت کی ہے۔6.5 ارب روپے سے حضرت داتا گنج بخشؒ کمپلیکس کے توسیع پراجیکٹ پر این ایل سی نے کام شروع کردیاہے۔حضرت داتا گنج بخش ؒ مزارکی مسجد میں توسیع کر کے ایک ہزار مزید نمازیوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔حضرت داتا گنج بخشؒ مزار پر لنگر خانے میں بیک وقت ایک ہزار زائرین کے کھانا کھانے کی گنجائش بنائی جائے گی۔خواتین کے لئے الگ ہال او رلنگر خانہ بنایا جارہاہے۔محفل سماع میں ہزاروں زائرین کی شرکت کے لئے تھیٹر نما اوپن ائر بنایاجارہے۔حضرت داتا گنج بخشؒ کی توسیع کے لئے 17کینال اور 5کینال اراضی حاصل کی جاچکی ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مین مزار کی توسیع کا کام مدینہ فاؤنڈیشن خود کرے گی۔مزار کا مرکزی گنبد برقرار رہے گا، غلا م گردش اور مین احاطہ بنایاجائے گا۔حضرت داتا گنج بخش ؒ کمپلیکس پراجیکٹ کی مدت تکمیل3سال ہے کہ، مجھے امید ہے کہ سی اینڈ ڈبلیو اسے 2سال میں ہی مکمل کر لے گی۔داتا دربارکمپلیکس توسیع پراجیکٹ، بی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ سے بڑا ہے۔مدینہ فاؤنڈیشن او راین ایل سی نے کام شروع کردیاہے، جلد مکمل ہوجائے گا۔داتا گنج بخش ؒ کے مزار کی توسیع کا آغاز، عقیدت مندوں کے لئے خوشی کادن ہے۔کئی سالوں سے بند بیسمنٹ میں داتا دربار کی پارکنگ کو کھلوا دیاہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پولیس سمیت تمام فورسز الرٹ ہیں۔پورے پاکستان میں 49ہزار جبکہ صرف پنجاب میں 52ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز ہیں۔انتخابات کے انعقاد کے لئے پورا پاکستان ایک طرف اور اکیلے پنجاب کے انتظامات دوسری طرف ہیں۔پرامن او رشفاف الیکشن کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکاہے۔الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولنگ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، دعا ہے کہ خیریت سے الیکشن ہوں۔الیکشن کے روز اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کروں گا،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری اوقاف،کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔