
نئی بننے والی حکومت میں شامل اتحادی ہی ملک و قوم کو اس نہج پر پہنچانے والے ہیں. امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاویدقصوری کا گیس کی قیمت میں اضافے کی خبر پر ردعمل
لاہور (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں قابل مذمت ہیں۔پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں 100روپے، نان پروٹیکٹڈ کیلئے 300روپے جبکہ بلک 900روپے،سی این جی سیکٹر 170روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کی منظوری سے عوامی کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔حکومت مسلسل عوام پر مہنگائی کے نشتر چلا رہی ہے۔ نگران حکومت کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس ہی نہیں۔ملک و قوم کا یہ المیہ رہا ہے کہ جو بھی برسر اقتدار آیا اس نے لو ٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیس کی قیمت میں اضافے کی خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی صورت حال سنگین ہوچکی ہے اور بجلی کے بل عوام نہیں دے سکتے، ملک کے بااثر طبقے اور مختلف اداروں کو اربوں روپے کی بجلی مفت فراہم کی جاتی ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی چوری کی جاتی ہے جس سے لاسز اربوں میں ہوتے ہیں اور یہ سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ملک میں پیدا ہونے والی تقریباً 30 فیصد بجلی کی قیمت حکومت کو موصول نہیں ہوتی۔ 20 فیصد تک بجلی ٹرانسمیشن ڈسٹری بیوشن میں ضائع یا چوری ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق ٹیکسٹائل برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافے اور ٹیکسوں کا دباؤ عام آدمی پر سرمایہ داروں سے زیادہ ڈالا جاتا رہا ہے۔پیداواری لاگت میں 40 اضافہ ہوا ہے جس سے ہزاروں پاور لومز بند ہونے سے کاروبار ٹھپ جبکہ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ایک طرف وطن عزیز کے چیلنجز میں کمی کے بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 8فروری کے انتخابات نے پاکستان کے اندر بے یقینی اور مایوسی کی فضا ء پیدا کی ہے۔دھاندلی زدہ انتخابات کو پوری قوم نے مسترد کر دیا ہے،جبکہ دوسری جانب پاکستانی عوام کے لئے جان لیوا مہنگائی، بجلی، سوئی گیس اور پانی کے بلوں کی بڑھتی قیمتوں نے جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل کر دیا ہے۔نئی بننے والی حکومت میں شامل اتحادی ہی ملک و قوم کو اس نہج پر پہنچانے والے ہیں۔