
آج کا دن ہر وائیٹ کوٹ پہننے والے بچے کیلئے بہت اہم ہے۔صوبائی وزیر صحت . اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرنے والے ایک ڈاکٹر کا بڑا مقام ہوتا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر
لاہور (خبرنگار)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے امیر الدین میڈیکل کالج برڈوڈ روڈ میں وائیٹ کوٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کے علاوہ والدین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کا دن ہر وائیٹ کوٹ پہننے والے بچے کیلئے بہت اہم ہے۔ اللہ تعالیٰ کے کرم سے یہ بچے بہترین کالج امیر الدین میڈیکل کالج میں پڑھ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو لاکھوں میں سے طب کے شعبہ کیلئے چنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ آج کے بچے کو ہم ایک تاجر نہیں بلکہ ایک اچھا ڈاکٹر بنانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر کے اچھے رویے سے مریض کی آدھی بیماری دور ہو جاتی ہے۔ مریض کی دعا آسمان تک جاتی ہے۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے وائیٹ کوٹ تقریب سجانے پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرنے والے ایک ڈاکٹر کا بڑا مقام ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ میں نے زندگی میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو ہمیشہ خدمت انسانیت میں ہی مصروف پایا۔