
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر) لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی طرف سے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل سیزن9کے دوسرے میچ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں اور شائیقین کرکٹ کی حفاظت کیلئے لاہور پولیس الرٹ رہی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی خود فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے ٹیموں کے قیام گاہ،سٹیڈیم اور اس کے اطراف سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ٹیموں کی روانگی سے قبل تمام روٹس پرکئے جانے والے سکیورٹی انتظامات بھی چیک کئے۔ سید علی ناصر رضوی نے متعلقہ افسران سے سکیورٹی بارے استفسار کیا۔انہوں نے پٹرولنگ ٹیموں، پیکٹس اور چھت ڈیوٹی پر مامورجوانوں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شائقین کرکٹ کی تلاشی کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔سید علی ناصر رضوی نے اہلکار کوشہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے بھی دورانِ چیکنگ پولیس جوانوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔