کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سیلکٹر شاہد آفریدی نے خراب رویے پر فاسٹ بولر محمد عامر کی سرزنش کردی۔
مقامی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں محمد عامر کی جانب سے بابراعظم کے حوالے سے دیئے گئے بیان اور انکی پرفارمنس پر سوالات اُٹھنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکثر کھلاڑیوں کو اچھے یا بُرے کھیل پر پیغامات بھیجتا ہوں، عامر کو بھی اس کے رویے کی وجہ سے ڈانٹا، میں نے ان سے کہا کہ کیا یہ کوئی طریقہ ہے جس قسم رویہ آپ اختیار کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپکو عزت دی، دوسرا موقع دیا۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کرکٹ میچز فیملیز اور بچے بھی دیکھ رہے ہوتے ہیں، آپ کے بُرے الفاظ کا کیا اثر پڑے گا، جہاں تک بابر کا تعلق ہے اگر آپ کو قومی ٹیم میں واپس آنا ہے تو پھر ان کی قیادت میں کھیلنا ہوگا۔ ایسی حرکتوں سے کیا آپ نظریں ملا سکیں گے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ جواب میں عامر نے معذرت کرنے کے ساتھ سمجھانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ سے قبل محمد عامر نے چونکا دینے والا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرا کام وکٹ لینا اس سے قطع نظر کون سا بلےباز کریز پر موجود ہے، خواہ وہ بابراعظم ہوں یا کوئی ٹیلنڈر! بالنگ کروانا یکساں ہے۔
اس میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کپتان بابراعظم نے 46 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کے مداحوں سے داد سمیٹی تھی۔ میچ کے دوران عامر نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں بغیر کسی وکٹ کے 42 رنز لٹائے تھے۔